نئی دہلی25اکتوبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)شہری ہوابازی کے وزیر مملکت جناب جینت سنہا نے بھارت او رپرتھ کے درمیان براہ راست نان اسٹاپ پروازوں کے قیام کے لیے مغربی آسٹریلیائی ریاستی حکومت سے مزید عہدو پیمان لینے کے لیے آج یہاں مغربی آسٹریلیا کے سیاحتی وزیر پال پپالیا سے ملاقات کی۔وزراء نے کہا کہ ان کی بات چیت مثبت تھی۔انہوں نے اس سے اتفاق کیا کہ اگر مغربی آسٹریلیا اوربھارت کے درمیان براہ راست فضائی خدمات شروع ہوجاتی ہے تو اس سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا۔ میٹنگ میں ایئر انڈیا کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر جناب پردیپ کھرولا بھی موجود تھے۔بھارت پہلے سے ہی مغربی آسٹریلیا کے لیے تیزی سے بڑھتی ہوئی ایک مارکیٹ ہے اور دسمبر 2015ء کے اختتامی سال کے مقابلے سال2017ء کی اسی مدت میں سیاحوں کی تعداد میں 38 فیصد تک کا اضافہ ہو اہے۔مغربی آسٹریلیا ئی حکومت نے حال ہی میں پہلی بار بھارتی صارفین کے لئے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ممبئی میں ایک مارکیٹنگ نمائندے کی تعیناتی کی ہے۔ ایئر انڈیا روٹ کے لئے بزنس کیس دریافت کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔جناب جینت سنہا نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت ،سرمایہ کاری ، کھیلوں اور تعلیم کے شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان براہ راست رابطہ کاری سے ان رشتوں میں مزید گہرائی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا آسٹریلیا کے ساتھ ایک انتہائی اوپن فضائی خدمات کا معاہدہ ہے۔ا س سے بھارت اورآسٹریلیا دونوں کی ایئرلائنز کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان مزید پروازوں کے لیے آزادانہ انتظامات سے فائدہ اٹھانے پر غور کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب بہت سارے بھارتی جہازوں کو انٹرنیشنل روٹوں پر پرواز کرنے کی اجازت ہے اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان متعدد نئی براہ راست پروازوں اور اضافہ شدہ فریکوئنسی کو دیکھنا چاہیں گے۔